لنکا پریمیئر لیگ کیلیے 8پاکستانی کھلاڑی منتخب

340

کولمبو(جسارت نیوز) لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل)کے لیے پاکستان کے 8مایہ ناز کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا گیا۔ گزشتہ روز آن لائن لنکا پریمیئر لیگ ڈرافٹ میں شاہد خان آفریدی، سابق کپتان شعیب ملک، سرفراز احمد اور محمد عامر سمیت پاکستان کے 8 کھلاڑیوں کو چن لیا گیا۔یہ ڈرافٹ پہلے یکم اکتوبر کو ہونا تھا لیکن سری لنکا میں کرونا وائرس کی حالیہ لہر کے سبب تاخیر کا شکار ہو گیا۔ 21 نومبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن کے لیے 5فرنچائزز نے کرس گیل، آندرے رسل، فاف ڈو پلیسس اور ڈیوڈ ملر کو بھی منتخب کر لیا ۔ کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کے ساتھ ٹیموں کے ناموں اور لوگوز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، جن میں جافنا اسٹالینز، گال گلیڈی ایٹرز، ڈمبولا ہاکس، کولمبو کنگز اور کینڈی ٹسکرز شامل ہیں۔گال گلیڈی ایٹرز کی ملکیت پاکستان سپر لیگ )پی ایس ایل)کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس ہے، اور یہ ٹیم زیادہ تر پاکستانی کھلاڑیوں کی میزبان ہوگی، جن میں شاہد آفریدی، عامر، سرفراز اور نوجوان ٹیلنٹ اعظم خان شامل ہیں۔گال کی کوچنگ سابق پاکستانی کپتان معین خان کریں گے اور لیجنڈری سوئنگ بولر وسیم اکرم ٹیم کے سرپرست کے فرائض سرانجام دیں گے۔ دوسری طرف جافنا اسٹالینز کی طرف کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں شعیب ملک، عثمان شنواری اور آصف علی شامل ہیں۔ تجربہ کار فاسٹ بولر وہاب ریاض کینڈی ٹسکر کی ٹیم میں لیے گئے ہیں، جس میں کرس گیل، لیام پلنکٹ اور نوین الحق بھی شامل ہیں۔ہر ٹیم کے لیے مقامی آئیکون کھلاڑیوں میں تھیسارا پریرا(جافنا اسٹالینز)، لاستھ ملنگا(گال گلیڈی ایٹرز)، داسن شناکا (ڈمبولا ہاکس)، انجیلو میتھیوز (کولمبو کنگز)اور کوسل پریرا (کینڈی ٹسکرز ) شامل ہیں۔ڈمبولا نے اپنی لائن اپ میں ڈیوڈ ملر، پال اسٹرلنگ اور آل رائونڈ جوڑی کارلوس براتھویٹ اور سمت پٹیل کو شامل کر کے بیٹنگ لائن کو مضبوط بنا دیا ہے۔