قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل

314

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے سی سی اے اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ابرار احمد کی شاندار بولنگ کی بدولت سینٹرل پنجاب کو3 وکٹوں سے ہرادیا۔ میچ کے آخری روز سندھ کی ٹیم کو جیت کے لیے مزید 59 رنز درکار تھے جو انہوں نے بآسانی پہلے سیشن میں ہی بنالیے۔ سندھ نے اپنی دوسری اننگز میں 102 رنز کا مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ پہلی اننگز میں 73 رنز بنانے والے سعد خان دوسری اننگز میں بھی 39 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ اس سے قبل سینٹرل پنجاب کے 161 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 179 رنز پر آؤٹ ہوئی، 18 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے 119 رنز بنائے۔ سندھ کے اسپنر ابرار احمد نے میچ میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے درمیان کھیلا گیا میچ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے آخری روز کے پی نے 67 رنز کی سبقت سے شروع کرنے والی اپنی دوسری اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ بلوچستان کو جیت کے لیے 40 اوورز میں 280 رنز کا ہدف ملا تاہم انہوں نے 26 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز ہی بنائے تھے کہ دونوں کپتانوں کی رضامندی سے میچ کو مقررہ وقت سے قبل ہی بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا۔ اس سے قبل کے پی نے اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے تھے، جواب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ 83 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز ہی بناسکی تھی۔ دوسرے میچ میں ٹی ایم سی گراؤنڈ کراچی میں کھیلا گیا میچ بھی ڈرا ہوگیا۔