پاکستان اسٹاک،73 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ

236

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںمنگل کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میںکے ایس ای 100 انڈیکس 616.41پوائنٹس کے اضافے سے 40956.58 پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچاجب کہ73.31فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 82 ارب 96 کروڑ66لاکھ روپے بڑھ گئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم پیر کی نسبت 54.17 فیصد زائد رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے پیٹرولیم ،فوڈز ،توانائی اور شپنگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی بدولت تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 41ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے41056پوائنٹس کی کی بلند سطح کو چھو گیا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے انڈیکس مذکور ہ حد برقرار نہ رکھ سکا لیکن مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب دیکھا گیااورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 616.41 پوائنٹس کے اضافے سے 40956.58 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای30انڈیکس 284.96پوائنٹس کے اضافے سے17281.78 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 362.21پوائنٹس کے اضافے سے 28930 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب11ارب 45 کروڑ 68 لاکھ روپے سے بڑھ کر75 کھرب 94 ارب 42 کروڑ34لاکھ روپے ہوگیا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 416کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 305کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،96میں کمی اور 15کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔قیمتوں میں اتار چڑھائوکے اعتبار سے رفحان میظ کے حصص کی قیمت 43.99روپے کے اضافے سے8100روپے ہوگئی۔