ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں،شیخ امتیاز حسین

317

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیاستدان ذاتیات کی جنگ میں عوام کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں یہ بات امریکا پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کے پریذیڈینٹ شیخ امتیاز حسین نے معیشت کی ابتر صورتحال پر بلائے گئے ایک ہنگامی اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر چیئرمین ذیشان الطاف لوہیا،سیکرٹری جنرل سید ناصر وجاہت،جنید الرحمان ،امان پیر اور دیگر بھی موجود تھے شیخ امتیاز حسین نے کہاکہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں اپنی اپنی سیاست کرنے میں مصروف ہیں جس سے عوام کا کوئی واسطہ نہیں ہے کراچی پیکج کے اعلان کے با وجود کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی جبکہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے انہوںنے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے حکومت ناکام ہوچکی ہے آٹا ،چینی ،گھی،تیل ،پیٹرول اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ بجلی،گیس اور ادویات کی قیمتوں کو حد سے بڑھادیا گیا ہے جس کی وجہ سے اشیاء ضروریہ عوام کی دسترس سے باہر ہوگئی ہیںشیخ امتیاز حسین نے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف کی ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے ملک قرضوں کی دلدل میں پھنس چکا ہے جس کی وجہ سے معیشت بھی تباہی کے کنارے پہنچ چکی ہے انہوں نے کہا کہ جب صنعتوں کو بجلی اور گیس نہیں ملے گی اور ان کی قیمتوں میں بے کران اضافہ ہوگا تو معیشت کا پہیہ کیسے چلے گا شیخ امتیاز حسین نے کہاکہ انرجی مہنگی بھی ہوتی جائے اور وہ دستیاب بھی نہ ہو تو صنعتکار ،تاجر اور عوام کیسے گزارا کریں گے جبکہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک اتنی ظالم حکومت نہیں آئی جسے ملک اور عوام کی کوئی پرواہ ہی نہیں ہے وہ ناتجربہ کاری کی وجہ سے ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا تی چلی جارہی ہے اور عوام پر ٹیکس پر ٹیکس لگاتی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ جب عوام کے پاس کھانے کے لیے روٹی ہی نہیں ہوگی تو وہ ٹیکس کہاں سے ادا کریں گے ۔