امریکا کو جوہری ہتھیاروں کی تعداد منجمد کرنے کی روسی پیشکش

195

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس نے امریکا کو ایک سال تک جوہری اسلحہ کی تعداد منجمد کرنے کی پیشکش کی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ نیواسٹارٹ معاہدے کو ایک سال کی توسیع دینے کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود معاہدے نیو اسٹارٹ کی مدت اگلے سال مکمل ہو رہی ہے، جو فروری تک نافذ العمل ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ جب تک جوہری اسلحہ کی تعداد کو مکمل طور پر روکا نہیں جاتا، یہ معاہدہ نان اسٹاٹر ہے۔ یہ پیشکش امریکی صدارتی انتخابات سے 2 ہفتے قبل نیو اسٹارٹ معاہدے کے مستقبل پر فریقین کے مابین پائی جانے والی خلیج کو کم کرتی دکھائی دیتی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے موقف قریب آ گئے ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اس توسیع سے فریقین کو جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول پر زیادہ گہرائی سے تبادلہ خیال کرنے کا وقت ملے گا۔ ماسکو اور واشنگٹن میں کئی ماہ کی بات چیت کے باوجود اس معاہدے پر اختلافات ہیں۔ امریکا نے چین سے ایک وسیع معاہدے میں شامل ہونے کا مطالبہ کیا ہے، جو نیو اسٹارٹ کی جگہ لے لے گا، تاہم چین نے اس تجویز کو مسترد کردیا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 2010ء میں طے پانین والے نئی اسٹارٹ معاہدے نے دونوں ممالک کے اسٹرٹیجک جوہری ہتھیاروں پر پابندیاں عائد کردی تھی۔ اس میں توسیع دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں بہتری کے لیے ایک غیر معمولی موقع فراہم کرے گی اور خاتمیکی صورت میں تناؤ میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوگا۔