صدارتی مباحثے میں ٹرمپ کی بولتی بند کرنے کا انتظام

246

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں صدارتی مباحثے کے منتظمین نے کل ہونے والے آخری مباحثے سے قبل ٹرمپ کو قابو کرنے کا منصوبہ بنالیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ٹرمپ اور ان کے حریف بائیڈن کے درمیان مباحثے میں میوٹ بٹن متعارف کرایا جائے گا، جس کے نتیجے میں دونوں امیدواروں کی ایک دوسرے کی گفتگو مداخلت کو روکا جاسکے گا۔ اس سے قبل 29 ستمبر کو ہونے والے پہلے صدارتی مباحثے میں صدر ٹرمپ مسلسل جو بائیڈن اور مباحثے کے منتظم کی بات کاٹ کر اصولوں کی خلاف ورزی کرتے رہے تھے،جس کے باعث ان کی بولتی بند کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ایک موقع پر بار بار مداخلت سے تنگ آ کر جو بائیڈن نے انہیں شٹ اپ بھی کہہ دیا تھا۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم اور ان کے حامیوں نے اس اقدام پر تحفظات کا اظہار کیا، تاہم مہم کے ذمے داروں کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ مباحثے میں ضرور شرکت کریں گے۔ مباحثہ کمیشن کے مطابق ریاست ٹینیسی کے شہر نیشول میں ہونے والے پروگرام میں ہر فریق کو 15منٹ دیے جائیں گے اور اس دوران ابتدائی 2منٹ تک حریف امیدوار کا مائیک بند رہے گا۔ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے منیجر بل اسٹیپئن کا کہنا تھا کہ متعصب کمیشن نے جو بائیڈن کو فائدہ پہنچانے کے لیے آخری وقت میں اپنے قواعد میں تبدیلی کی۔