جبر کے آگے جھکنے سے انکارپر سندھ پولیس کو شاباش، مریم نواز

165

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں دھونس اور جبر کے سامنے جھک جانے سے انکار کرنے پر سندھ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ پر فخر ہے ۔ ٹوئٹ میں کہا کہ اداروں کو تباہ کرنے کا راگ الاپنے والوں کو پتا چل گیا ہو گا ،ادارے کیسے تباہ ہوتے ہیں اور انہیںکون تباہ کرتا ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا جو کراچی میں ہوا ہمارے بیانیے’’ریاست کے اوپر ریاست ہے‘‘ کا کھلا ثبوت ہے۔آپ نے منتخب صوبائی حکومت کے اختیارات کا مذاق اڑایا۔ چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ سنیئر ترین پولیس افسران سے زبردستی آرڈر لیے۔پاک فوج کو بدنام کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک خط بھی شیئر کیا اور لکھا کہ ایڈیشنل آئی جی پولیس کایہ خط آئین سے آپ کی بغاوت کا ثبوت ہے۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس رفتار سے نواز شریف کا بیانیہ ہر گھر میں پہنچ رہا ہے اور عوام کا حکومت اور ایک پیج کے خلاف ردِعمل سامنے آ رہا ہے، عنقریب ان کو 22 کروڑ عوام پر مقدمے درج کرنا ہوں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ اگر آپ ووٹ کو عزت دو کے نعروں پر پرچے درج کروا رہے ہیںتو آپ کی جیلیں کم پڑ جائیں گی کیونکہ آج ہر بچے، بزرگ، اور جوان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کے ووٹ کو عزت دی جائے۔ اس نعرے سے تکلیف صرف ان کو ہے جو عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالنے کے جرم کے مرتکب ہوئے ہیں۔