کورونا وبا سے اموات کی شرح 140 فیصد بڑھ گئی‘ اسد عمر

115

اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے اموات کی شرح چند ہفتے کے دوران 140 فیصد بڑھ گئی‘ ہم کورونا کے تمام ایس او پیزکو نظر انداز کرکے غلطی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کورونا سے یومیہ اموات کی تعداد 12 رہی‘ کورونا وبا سے اموات کی شرح چند ہفتے پہلے کے مقابلے میں 140 فیصد زیادہ ہے۔ علاوہ ازیں عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 14 افراد جاں بحق ہوچکے اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد6 ہزار 673 ہو گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے625 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 84 تک پہنچ چکی ہے۔ ملک میں کورونا کے9 ہزار461 مریض زیرعلاج ہیں اور 3 لاکھ 7 ہزار 950 صحتیاب ہو چکے ہیں۔