شیریں جناح کالونی میں بم دھماکا، 4 افراد زخمی

154

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شیریں جناح کالونی میں بم دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں 20 نمبر بس کے آخری اسٹاپ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق بس ٹرمینل کے گیٹ پر دھماکا خیز موجود تھا، پاس سے گزرنے والی بس دھماکے کی زد میں آئی جس سے 4 لوگ زخمی ہوئے۔ ادھر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دھماکے میں ایک کلو کے قریب بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیرکا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد میں بال بیرنگ اور دیگر لوہے کی چیزیں ڈالی ہوئی تھیں جسے سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ بس کے قریب دھماکا خیز مواد رکھنے والے کا تعین کر رہے ہیں۔ادھر آئی جی سندھ مشتاق مہر نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔