عوامی مرکز پاسپورٹ آفس‘ ایجنٹ و افسران کا گٹھ جوڑ‘عوام پریشان

253

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عوامی مرکز میں واقع پاسپورٹ آفس میں ایجنٹ مافیا اور افسران نے پاسپورٹ کی تجدید اور نئے پاسپورٹ کی درخواستیں دینے والے شہریوں کو پریشان کرنا شروع کردیا ہے۔ایجنٹ اور محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے کرپٹ افسران کے گٹھ جوڑ نے اپنی تمام تر توجہ بہاریوں کے نئے پاسپورٹ اور تجدید کی درخواستیں دینے والوں پر رکھی ہوئی ہے۔ان کے فارم پر اعتراض لگا کر فارم مسترد کر دیتے ہیں جس سے انہیں تکلیف دہ عمل سے گزرنا پڑتاہے۔ایجنٹ مافیا اور بعض افسران نے عوامی مرکز پاسپورٹ کے دفتر کو کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا ہے۔پاسپورٹ آفس کے باہر موجود ایجنٹوں نے عملے سے گٹھ جوڑ کر لیا ہے،جو پریشان حال بہاریوں کو لوٹنے اور رشوت وصول کرنے میںمصروف رہتے ہیں۔پاسپورٹ کی تجدیدکے لیے آنے والے شہری محمد علی نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایجنٹ مافیا سرکاری فیس3 ہزار روپے کے بجائے 4500 روپے وصول کررہا ہے اور جو شہری ایجنٹ کے ذریعے رقم دیتے ہیں ان کا فارم بغیر کسی اعتراض کے جمع کرلیا جاتا ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ عوامی مرکز پر بھاری رشوت کے عوض پاسپورٹ بنانے والے ایجنٹوں اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور دفتر کے باہر سے کرپٹ افسران اورایجنٹ مافیا کے گٹھ جوڑ کو ختم کیا جائے۔