محکمہ ایکسائز سندھ نے مختلف شہروں میں 7چیک پوسٹیں بند کردیں

341

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائز سندھ نے صوبے کے مختلف شہروں میں اپنی 7چیک پوسٹیں بند کر دی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بند کی گئی چیک پوسٹوں میں سکرنڈ، جامشورو، مٹیاری، نصیر آباد، حب ریور، گھگھر پھاٹک، اکڑو بس اسٹاپ نزد پٹارو کیڈٹ کالج کی چیک پوسٹیں شامل ہیں۔ چیک پوسٹوں پر تعینات عملے کو ڈی جی ایکسائز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل آئل ٹینکر کے ڈرائیور نے سکرنڈ میں ایکسائز کے عملے کے برے سلوک سے دل برداشتہ ہو کر خود کو آگ لگالی تھی۔اس واقعے پر سکرنڈ چیک پوسٹ کے انسپکٹر سمیت محکمہ ایکسائز کے 8اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا تھا۔سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عبدالحلیم شیخ نے واقعے میں ملوث 8ایکسائز اہلکاروں پر مشتمل چھاپا مار ٹیم کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ ان کو نوکری سے برخاست کر دیا جائے کہ ان کی وجہ سے آئل ٹینکر ڈرائیور نے خودسوزی کر کے جان دے دی ۔