ترکی کے مذہبی امورکی انٹرنیٹ پر عالمی کانفرنس‘ پیر نور الحق قادر ی کی شرکت

155

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے قرآن پاک کی بیحرمتی اور گستاخانہ خاکوں کے بارے میں مشترکہ موقف اپنانے اور بھرپور سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلاموفوبیا کے تدارک اور جواب کے لیے ترکی کے مذہبی امور کے محکمے کی جانب سے انٹرنیٹ پر عالمی کانفرنس میں کیا۔ جس میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں50 سے زائد ممالک کے وزرا مذہبی امور اور مذہبی امور کے سربراہان نے شرکت کی، جن میں پاکستان، ازبکستان، افغانستان، تاجکستان، قازقستان، آزربائیجان، کرغیزستان، ایران، ملائیشیا، انڈونیشیا، فلسطین، یمن، عراق، شام، تیونس، لیبیا، الجزائر، مراکش وغیرہ شامل تھے۔ انہوں نے مغربی دنیا کو مسلمانوں کی دل آزاری اور جذبات کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے پالیسی پر بات کی۔ پیر نورالحق قادری نے اپنے خطاب میں اسلاموفوبیا کے بارے میںمتفقہ لائحہ عمل کے ذریعے عالمی کنونشن اور قانونی معاہدے کے ذریعے احترام مذاہب اور مذہبی شخصیات پر زور دیا۔ میڈیا کے ذریعے عالم اسلام کی طرف سے موثر اور مثبت جواب دینے پر زوردیتے ہوئے پاکستان کی طرف سے سفارتی اور سیاسی کوششوں کو مربوط بنانے کی تجویز دی۔