کراچی کے صحافیوں کا تھرپارکر کا 3 روزہ مطالعاتی دورہ

309

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تھر پارکر میں نمک کے ذخائر کے حوالے سے حب سالٹ ریفائنری نے کراچی کے صحافیوں کو تھرپارکر کے علاقے موکھائی کے مقام پر نمک کی جھیل، مٹھی، اسلام کوٹ، ننگر پارکر اور عمرکوٹ کے تاریخی اور تفریح مقامات کا 3 روزہ مطالعاتی دورہ کرایا گیا۔ کراچی کے22 رکنی صحافیوں کے وفد نے سینئر صحافی ساجد عزیز کی قیادت میں تھرپارکر کے تاریخی اور تفریحی مقامات کا دورہ کیا، حب سالٹ کے حوالے سے تھر میں موجود فیکٹری منیجر طارق محمود ستی نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2011ء میں حکومت سندھ سے لیز پر تھر پار کر کے علاقہ موکھائی کے مقام پر12سو سے زاید ایکڑ پر مشتمل نمک کی جھیل حاصل کی گئی ہے اور مٹھی سے جھیل تک 76 کلو میٹر سڑک کی تعمیر بھی کی گئی ہے جہاں پر جدید ترین سالٹ ریفائنری کے ساتھ اپنا بجلی گھر بھی قائم کیا گیا ہے۔ تھر میں حب سالٹ ریفائنری میں مقامی افراد کو نہ صرف روزگار بلکہ تھر کے صحرا میں رہنے والوں کے بچوں کوبھی دینی تعلیم کے لیے مدرسہ اور مسجد کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر سے نکلنے والا نمک کھانے کے استعمال میں نہیں آتا ہے،یہ صنعتی شعبوں میں زیادہ استعمال کیا جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں نمک کے وسیع ذخائر موجود ہیں، تھرپارکر میں موکھائی کے نام سے نمک کی کان موجود ہے۔تھرپارکر کا نمک ملک کی کھاد اور چمڑے کی فیکٹریوں سمیت دنیا کے سرد ممالک کو بڑے مقدار میں برآمد ہو رہا ہے۔ پاکستان میں موجودکھاد کی مشہور اینگروکمپنی بھی نمک حب سالٹ سے خریدتی ہے،اس کے علاوہ پورے ملک میں کھاد بنانے والی کمپنیوں کو بھی نمک تھر سے فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دنیا کے سرد ممالک برف کو پگھلانے کے لیے تھر کا نمک استعمال کرتے ہیں۔ اس حوالے سے لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر، ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر اور حب پاک سالٹ ریفائنری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسماعیل ستار نے جسارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میںنمک 4 طریقوں حاصل کیا جاتا ہے جس میں سی سالٹ، پنک سالٹ، راک سالٹ اور لیک سالٹ شامل ہیں۔ پاکستان نمک کے ذخا ئر میں دنیا میں اول نمبر پر ہے، ملکمیں 172سے زایدچھوٹی بڑی نمک کی لیک موجود ہیں۔انہوں کہا کہ میر امشن ہے کہ پاکستان دنیا میں نمک کی سپلائی کے حوالے سے نمبر ون ملک بن جائے اس کے لیے میںرات دن کوششوں میں لگا رہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد نمک کا ایک بڑا پروجیکٹ بلوچستان میں حکومت پاکستان اور پبلک پارٹنرشپ کے ذریعے3 سو ملین کی سرمایہ کاری سے لگا یا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پایا جانے والا نمک 99 فیصد خالص نمک ہے جس کو دنیا بھر میں ہمالیہ سالٹ کے نام سے جانا اور پسند کیا جاتا ہے۔ حب پاک سالٹ ریفائنری کے ذریعے نمک سے دلکش منصوعات تیار کر کے بیرون ملک برآمد کر رہے ہیں۔ حب سا لٹ کی جانب سے کراچی میں سالٹ سیکریٹ کے نام سے باقاعدہ طور پر سالٹ روم کا قیام عمل میں لایاگیا ہے جہاںسالٹ تھراپی کے ذریعے علاج کیا جاتا ہے ،حب سالٹ نے اس طریقہ علاج کوپہلی بار پاکستان میں متعارف کرایا ہے اور اس طرح سانس،پھیپھڑوں اور جلدی امراض وغیرہ میں مبتلا مریض ہزاروں ڈالر خرچ کر کے یورپ جانے کی بجائے پاکستان ہی میں علاج کرا سکتے ہیں۔