حکومتی نااہلی نے ملک کو مذہبی انتشار میں دھکیل دیا، علامہ ساجد میر

139

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر علامہ ساجد میر نے کہا ہے کہحکومتی نااہلی نے ملک کو بڑے مذہبی انتشار کی طرف دھکیلا، شعائر اسلام کا دفاع اور تحفظ اہل ایمان کی سرشت میں شامل ہے، مقدس مقامات، مقدس شخصیات اور دیگر اسلامی شعائر کی بیحرمتی قبول نہیں، وقت آگیا ہے کہ اب صرف گستاخ نہیں بلکہ گستاخوں کے سہولت کاروں کا بھی کڑا محاسبہ کیا جائے، بالخصوص اسلام آباد میں خلیفہ اول کی شان میں گستاخی کیلیے ماحول بنانے اور گستاخ کو ملک سے فرار کرانے والے وزیر کو کان سے پکڑ کر حکومت کے ایوان سے نکالا جائے اور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ ابی بکر الاسلامیہ گلشن اقبال میں ’’تحفظ شعائر اسلام سیمینار‘‘ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلیے فرقہ واریت پھیلانے کی خوفناک سازش کی گئی اگر مذہبی قیادت بردباری کا مظاہرہ نہ کرتی تو ملک میں مذہبی فساد پھیل چکا ہوتا۔ علامہ ساجد میر نے مزید کہا کہ دفاع صحابہؓ کی تحریک کسی فرقے نہیں بلکہ صرف گستاخوں کیخلاف ہے۔