ضلع غربی میں فرنٹ اینڈکلیکشن آپریشن کا دوبارہ آغاز

160

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ایجوکیشن اینڈ لٹریسی سعید غنی نے ضلع غربی میں فرنٹ اینڈ کلیکشن آپریشن ، کلین کراچی و آگاہی مہم کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ان کے ساتھ ایڈمنسٹریٹرکراچی افتخار شالوانی، کمشنر کراچی سہیل راجپوت، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ ودیگر کے علاوہ علاقے کے معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی بلدیات کی کونسل کی منظوری کے بعد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے صفائی کے کام کا آغاز کیااورمزید بہتری کی طرف گامزن ہے۔ ضلع غربی میں معاہدے کے مطابق کام نہ کرنے کی وجہ سے چائنیز کمپنی کو کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ جبکہ اب چائنیز کمپنی کی یقین دہانی پر دوبارہ فرنٹ اینڈ کلیکشن آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی مہم مسلسل جاری رہنے والا کام ہے اور اسے جاری رکھا جائے گا۔ جلد ہی ضلع وسطی اور کورنگی میں بھی سندھ سالڈ ویسٹ کام کرے گا۔ میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عالمی بینک کے تعاون سے واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل حل کرنے لیے منصوبوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔