کیماڑی میں نجی اسکول کے معلم کا طالبہ کے والد پرتشدد

83

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) نجی اسکول کے ہوم ورک میں غلطی کی نشاندہی کرنے پر اسکول کی ٹیچرنے طالبہ کے والد کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ،متاثرہ شخص نے ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کوتحریری شکایت کرتے ہوئے نجی اسکول کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ کیماڑی کے رہائشی محمد نواز خان نے ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز کو شکایتی درخواست جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسکی بیٹی کیماڑی میں واقع ایک نجی اسکول میں زیر تعلیم ہے ،بیٹی کی ٹیچر نے ریاضی کی کاپی میں غلط ہوم ورک کو دیکھے بغیر دستخط کر دیا اس غلطی کی نشاندہی ہم نے کاپی میں ہی ٹیچر کے نام مختصر جملے لکھ کر کر دی تھی مگرٹیچر نے اپنی غلطی ماننے کے بجائے میری بیٹی کو مارا پیٹا اور کہا کہ ٹیوشن کی ٹیچر اور گھروالوں کو کہوکہ وہ ہماری ماں نہ بنیں جس پر میں اسکول گیا تو اور ان سے پوچھنا چاہا کہ بیٹی کو کیوں مارا۔اتنی بات پوچھنے پر ٹیچر نے فون کر کے پانچ لڑکوں کو بلا لیا جنہوں نے مجھ پر تشدد کیا اور میرے کپڑے بھی پھاڑ دیے اور جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی ۔درخواست گزار محمد نواز گل نے ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سے درخواست کی ہے کہ وہ کیماڑی کے نجی اسکول کی انتظامیہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں اور مجھے انصا ف فراہم کریں ۔