افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب 15 افراد ہلاک، متعدد زخمی

463

کابل: افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب بھگدڑ مچنے سے کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ جلال آباد شہر میں پیش آیا جہاں ہزاروں افغانی شہری پاکستانی قونصل خانے کے قریب واقع فٹبال اسٹیڈیم میں ویزا ٹوکن حاصل کرنے کے لیے جمع تھے۔

صوبائی اسپتال کے ترجمان ظہیر عادل کے مطابق افغان شہری ویزا ٹوکن حاصل کرنے کے بعد ایک ساتھ اسٹیڈیم کے خارجی راستے کی جانب بڑھے جس کی وجہ بھگدڑ مچ گئی۔

صوبائی کونسل کے رکن سہراب قادری کا کہنا ہے کہ حادثے میں 11 خواتین سمیت 15 افراد ہلاک ہوئے جب کہ متعدد سینئر شہری زخمی ہوئے۔

حکام نے بتایا کہ اسٹیڈیم میں 3 ہزار سے زائد افراد پاکستانی ویزے کے لیے درخواست دینے کے لیے درکار ٹوکن لینے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

صوبائی گورنر عطا اللہ خوگیانی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ “ہزاروں افراد کی فٹبال اسٹیڈیم آمد کے باعث افسوس ناک حادثہ پیش آیا”۔

ترجمان کے مطابق ویزا سینٹر پر لوگوں کا رش زیادہ نہ ہو اس لیے درخواست گزاروں کو اسٹیڈیم میں جمع ہونے کا کہا گیا تھا۔

افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے نے کورونا وائرس کی وبا کے ویزے جاری کرنے کے عمل کو سات ماہ کے لیے روک دیا تھا جسے پچھلے ہفتے ہی دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔