مہنگائی ضرور بڑھی ،4 ہفتوں تک اچھی خبریں ملیں گی ، شبلی فراز

480
پشاور، وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز پریس کانفرنس کررہے ہیں

 

پشاور/راولپنڈی (اے پی پی/آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مہنگائی ضرور بڑھی‘ 4 ہفتوں تک اچھی خبریں ملیں گے‘ حکومتی اقدامات سے معیشت کواستحکام ملا‘ اقتصادی اعشاریے بہتر ہوئے‘ ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ہوا‘ جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی ہوئی‘ کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد کی بے حرمتی کی‘ اپوزیشن جلسوں سے خوفزدہ نہیں‘ جواب ضرور دیںگے‘ حکومت میڈیا کی مکمل آزادی پر یقین رکھتی ہے‘ اخباری اشتہارات اور میڈیا اداروں کو بقایاجات کی ادائیگیوں سے متعلق شفافیت اور انصاف پر مبنی مربوط میکنزم پرکام کر رہے ہیں جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون درکار ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو پشاورکے مقامی ہوٹل میں سی پی این ای اور اے پی این ایس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب اور صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے ہمراہ پریس کانفرنسکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے میڈیا اداروں
کے مالکان سے درخواست کی کہ وہ اپنے ورکرزکو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد کی بے حرمتی کی‘اس بات کو بھول جائیں کس نے گرفتارکیا‘ ان کے جرم کو دیکھا جائے‘مزار قائد پر غیر مناسب اور غیر سنجیدہ کام ہوا ‘ حکومت اپوزیشن کے جلسوں سے خوفزدہ نہیں‘ جواب دینا ہمارا فرض ہے تاکہ صورت حال واضح رہے‘ بنارسی ٹھگوں کے ٹولے کا مقصد پاکستان کوپیچھے دھکیلنا ہے‘ 2018ء کے الیکشن میں عوام نے ان عناصر کو مسترد کیا‘ یہ عناصراپنی لوٹ مار اور کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں ۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے رٹ لگا رکھی ہے کہ یہ اسمبلی جعلی ہے‘ مولانا فضل الرحمن جس اسمبلی کو جعلی کہتے ہیں‘ اسی سے صدر بننے کی کوشش کی‘ نوازشریف کو واپس لاکر عام جیل میں ڈالیں گے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جس طرح بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف دبائو ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘ اسی طرح ملک کے اندر بھی انتشار اور خلفشار پیدا کیا جا رہا ہے‘ اپوزیشن جماعتوں کی پیش گوئیاں غلط ثابت ہوں گی اورعمران خان کی جماعت سینیٹ انتخابات میںبھاری اکثریت سے جیتے گی‘جلسوں سے حکومتیں ختم نہیں ہوسکتیں‘آئندہ 2 ماہ کے اندر ملک سے مہنگائی کا خاتمہ ہو جائے گا۔