نا معلوم افراد کا سب کو علم ہے ، اتحاد توڑنے کی سازش ناکام ہوگی ، پی ڈی ایم

222
کراچی،پی ڈی ایم کے تحت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پریس کانفرنس کررہی ہیں،فضل الرحمن ،اختر مینگل ودیگر بھی موجود ہیں

 

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نامعلوم افرادکا سب کو علم ہے‘ اتحاد توڑنے کی سازش ناکام ہوگی۔ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے پیر کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔رہنمائوں نے کہا کہ کیپٹن(ر)صفدر کی گرفتاری اپوزیشن اتحاد کو تقسیم کرنے کی سازش ہے،یہ صرف مریم پر نہیں بلکہ پوری پی ڈی ایم پر حملہ ہے،یہ جو نامعلوم افراد ہیں یہ سب کو معلوم ہیں اور خلائی مخلوق سے اگر آپ زمینی مخلوق بن گئے ہیں تو کیا لوگوں کو سمجھ نہیں آئے گی،مریم نواز یہاں آئی ہیں تو پیپلز پارٹی میزبان ہے، جس کی مدعیت میں ایف آئی آر کٹی، وہ مدعی کون ہے ہم عوام کو بتائیں گے،ہم بچے نہیں ہیں سب سمجھتے ہیں کہ یہ کھیل کیوں کھیلا گیا،اس حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، بلاول، آصف زرداری کو اس واقعے سے دکھ پہنچا ہے،وزیراعلیٰ سندھ کو اس معاملے سے بے خبر رکھا گیا
جس کے بعد واضح ہوگیا ہے کہ حکومت کس کی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنما کیپٹن (ر)صفدر کو ہوٹل سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان کی اہلیہ بھی وہاں موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ رینجرز نے ان کے کمرے پر دھاوا بولا اور دروازہ توڑا، کیا ہمارے معاشرے میں ایک خاتون کی یہ عزت ہے، لگتا ہے کہ موجودہ حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے کیونکہ آخری وقت میں اسی طرح کے حربے آزمائے جاتے ہیں۔اس موقع پر مریم نواز نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے متعلق کہا کہ صبح 6 بجے کے قریب ہم سو رہے تھے کہ ہمارے کمرے کا دروازہ زور زور سے کھٹکھٹایا گیا اور جب صفدر نے دروازہ کھولا تو باہر پولیس کھڑی تھی اور انہوں نے کہا کہ گرفتار کرنے آئے ہیں، صفدر نے کہا کہ میں واپس آتا ہوں اور یہ کہہ کر اندر آئے تو پولیس اہلکار دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور انہیں گرفتار کرکے لے گئے۔مریم نواز نے کہا کہ مجھے ایک لمحے کے لیے بھی ایسا نہیں لگا کہ پیپلزپارٹی نے یہ سب کچھ کیا، ہم جانتے ہیں کہ اس کے پیچھے کیا کھیل کھیلا جارہا ہے، ہمیں پتا ہے ، ہم تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جو نامعلوم افراد ہیں یہ سب کو معلوم ہے اور خلائی مخلوق سے اگر آپ زمینی مخلوق بن گئے ہیں تو کیا لوگوں کو سمجھ نہیں آئے گی۔مریم نواز نے کہا کہ وقاص احمد کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرائی گئی،وقاص کے خلاف خود مقدمات درج ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو اعلیٰ سطح سے دھمکیاں آرہی تھیں، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ دھمکیوں سے نواز شریف یا مریم نواز مرعوب ہوگی اور پی ڈی ایم اتحاد میں کوئی فرق آئے گا تو اس کی خام خیالی ہے۔انہوںنے کہا کہ میرے قریبی لوگوں کے ذریعے مجھے بلیک میل کرنے سے بہتر ہے کہ یہاں موجود ہوں کہ اگر ہمت ہے تو آئیں اور مجھے گرفتار کریں۔راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور حکومت سندھ اس معاملے پر دکھی ہے، اس طرح کی حرکت ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے، کوئی معاشرہ اس طرح کی شرم ناک حرکت کی اجازت نہیں دیتا ہے۔انہوںنے کہا کہ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، مذمت کا لفظ ہمارے دکھ اور غصے کو کم نہیں کرسکتا، مریم نواز ہماری مہمان تھی، سندھ کی ثقافت ہے اپنے مہمان کی خاطرداری کی جاتی ہے اس لیے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنائی گئی اور تحقیقات کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعلیٰ کو اس سے بے خبر رکھا گیا اور ان کے علم میں لائے بغیر یہ کام کیا گیا لیکن اس سے ایک بات واضح ہوتی ہے کہ حکومت بوکھلا گئی ہے۔راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اس حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔