اپوزیشن کو اب کوئی رعایت نہیں ملے گی، عمران خان

120
اسلام آباد، وزیراعظم عمران خان ’’پاکستان کلین گرین انڈیکس ایوارڈ ‘‘کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

 

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کو اب کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت سیاسیکمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا اور پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کے خلاف پارٹی رہنمائوں کو حکمت عملی سے آگاہ کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرپشن مقدمات کو بہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔عمران خان نے اپوزیشن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے میاں نواز شریف کی واپسی کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی، اپوزیشن کے اداروں کے خلاف بیانیے پر بھرپور جواب دیا جائے گا، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔علاوہ ازیںوزیر اعظم کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا جس میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے بچت بازار لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ
ذخیرہ اندوزی کرنے والے مالکان کو گرفتار کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق حکومت نے پنجاب بھر میں ایک ماہ کے اندر 350سہولت بازار لگانے کا فیصلہ کیا ہے، رواں ہفتے پنجاب بھر میں 195 سہولت بازار لگائے جائیں گے جن میں سے لاہور میں رواں ہفتے 31 سہولت بازار لگائے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ سہولت بازار میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 845 روپے اور 10 کلو آٹا 410 روپے میں فروخت ہوگا، سہولت بازار میں چینی فی کلوگرام 85 روپے میں فروخت ہوگی۔ اجلاس میں گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا۔یادرہے کہ ملک بھر میں مہنگائی بے قابو ہوگئی ہے اور عوام کے لیے 2وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوگیا۔اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں آٹا، دالیں اور چینی دستیاب ہی نہیں۔