پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ، گلبدین حکمت یار

118
اسلام آباد، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار ملاقات کررہے ہیں

 

اسلام آباد ( آن لائن ) حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں پاک افغان تعلقات افغانستان میں قیام امن کیلیے بین الاافغان مذاکرات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے تجربہ کار سیاست دان حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے وفد کے ساتھ دفترخارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار اور ان کے وفد کو دفتر خارجہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہو ئے کہا کہ خطے کا امن و استحکام، افغانستان میں مستقل امن سے مشروط ہے، پاکستان، خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا تھا کہ افغان مسئلے کے دیرپا حل کا
واحد راستہ افغان قیادت کو قابل قبول سیاسی مذاکرات ہیں، اور ہمیں خوشی ہے کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو سراہا جا رہا ہے۔ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس افغانستان میں امن کی بحالی کا ایک نادر موقع ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔اس مو قع پر حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے کہا کہ پاکستان کو ہم اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں یہا ں آکر ایسے لگتا ہے جیسے میں اپنے گھر میں ہی ہو ں ۔ گلبدین حکمت یار کا یہ دورہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان وسیع تر دو طرفہ روابط کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا اہم حصہ ہے۔واضح رہے کہ گل بدین حکمت یار 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔پاکستان میں 19 سے 21 اکتوبر تک قیام کے دوران حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔