حکومت جلسوں سے بوکھلاہٹ کا شکارہے ‘ترجمان پی ڈی ایم

145

کراچی(نمائندہ جسارت)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی حکومت کی سیاست میں سنجیدگی ختم ہوگئی ہے جو پی ڈی ایم کے ابتدائی 2 جلسوں سے
بوکھلاہٹ کا شکارہے لیکن پی ڈی ایم کی یہ احتجاجی تحریک موجودہ حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ پی ڈی ایم کے ترجمان میاں افتخار حسین نے پیر کو مردان ہائوس میں اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ افسوس اس بات کا ہے کہ کیپٹن(ر)صفدر کی گرفتاری سے سندھ حکومت کو لاعلم رکھاگیا،کیپٹن(ر)صفدر مریم نواز کے شوہر ہی نہیں پی ڈی ایم کے رہنما بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اطلاعات کے الزامات سے بہت دکھ ہوا، کٹھ پتلی وزیر اعظم خود کچھ نہیں کرسکتا، بتایا جائے کہ کیپٹن (ر)صفدر کا کیا قصور ہے، انہوں نے ووٹ کو عزت دو کی بات کی، کیا ووٹ کی عزت ملک کی بقاء کے لیے ضروری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ڈر گئی ہے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے لیکن ہم اشتعال میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میں اتنا تکبر اورفرعونیت کیوں ہے یہ دھاندلی کی پیداوار ہیں، ہم جمہوریت کی خاطر نکلے ہیں،ہم ڈرنے والے نہیں،کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری پی ڈی ایم کو ڈرانے کی کوشش ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ کسی مداخلت کے بغیر منصفانہ اور شفاف الیکشن ہوں،حکومت پی ڈی ایم میں اختلافات پیدا کرنے کی سازش کر رہی ہے لیکن ایسی سازش سے پی ڈی ایم مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے ،آج ہمارے اکابرین کو برا بھلا کہا جا رہا ہے اور آج غدار کا لفظ اعزاز بن گیا ہے،ہم نے پی ٹی وی پر حملہ تو نہیں کیا اور نہ ہی ہم نے سول نافرمانی کا اعلان کیا،اب لگتا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک کامیاب ہوئی ہے، کامیاب جلسے دیکھ کر حکومت کے اعصاب شل ہوگئے ہیں، آج ملک میں لوگ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ آگئے ہیں اور موجودہ حکومت 100فیصد ناکام ہو چکی ہے،جیلوں اور مارپیٹ سے نہیں ڈریں گے ۔