گاڑی پر فائرنگ، اورنگی ٹاؤن کے سابق ناظم کی بیٹی جاں بحق

115

کراچی(نمائندہ جسارت)کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں بورڈ آفس کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں اورنگی ٹاؤن کے سابق ناظم شیخ فیروز کی نوجوان بیٹی جاں بحق ہوگئیں۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے سا بق ناظم کی بیٹی بورڈ آفس سے اپنے تعلیمی دستاویزات کے حصول کے لیے آئی تھیں۔اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) راشد علی کا کہنا تھا کہ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے 21 سالہ فاطمہ فیروز کی گاڑی پر اس
وقت گولیاں برسائیں جہاں وہ ان کی بہن اور دیگر دو لڑکیوں کے سامنے موجود تھیں اور انہیں قتل کیا گیا۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ فاطمہ فیروز نارتھ ناظم آباد میں واقع انٹرمیڈیٹ بورڈ سے تعلیمی دستاویزات حاصل کرنے لیے آئی تھیں اور کار میں اپنی بہن اور دیگر دو لڑکیوں کے ساتھتھیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب ان کی گاڑی بورڈ آفس سے واپس جارہی تھی تو مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی کا تعاقب کیا اور عبداللہ کالج کے قریب فائرنگ کی۔ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کی موقع سے فرار ہوگئے جبکہ فاطمہ فیروز کو شدید زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کے دم توڑنے کی تصدیق کی گئی۔ایس ایچ او راشد علی کا کہنا تھا کہ لڑکی کی گردن پر ایک گولی لگی تھی۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق لڑکی اورنگی ٹاؤن کے سابق ناظم شیخ فیروز بنگالی کی بیٹی اور شادی شدہ تھیں لیکن گزشتہ تین سے 4 برس سے شوہر کے ساتھ اختلافات تھے۔ایس ایچ او نے واقعے کے پیچھے ڈکیتی کے امکان کو مسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نوجوان لڑکی کے قتل کے پیچھے چھپے محرکات جاننے کے لیے تفتیش کررہی ہے۔