بھارت میں فوج کے اخراجات کم کرنے کی تجویز

157

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں حکومت نے فوج کی مختلف تقریبات پر ہونے والے اخراجات کم کرنے اور وسائل کے بہتر استعمال کے لیے تجاویز پیش کی ہیں، جس کے باعث فوج میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ حکومت نے اخراجات کم کرنے کے نام پر جن فوجی تقاریب کو بند کرنے یا انہیں مختصر کرنے کی تجویز پیش کی ہے، ان میں آرمی ڈے پریڈ، ٹیریٹوریل آرمی ڈے پریڈ، کرگل وجئے دیوس(یوم فتح)، مختلف رجمنٹوں میں ہونے والی مخصوص تقاریب اور یوم جمہوریہ کی تقریبات میں فوجی بینڈوں کی تعداد کم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ یہ تجاویز فوج کے موجودہ طور طریقے کا داخلی جائزہ لینے کے بعد تیار کی گئی ایک جائزہ رپورٹ کا حصہ ہیں۔ یہ رپورٹ فوج کے اہم اداروں، کمانڈ ہیڈکوارٹرز اور فوج کے اہم ڈائریکٹوریٹ وغیرہ کو بھیج دی گئی ہے۔ بھارتی روزنامے انڈین ایکسپریس نے بھارتی فوج میں ہونے والی اہم تبدیلیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ رپورٹ افرادی قوت کا بہتر استعمال نیز مالی اور مادی وسائل سے خاطر خواہ استفادہ کرنے کے مقصد سے تیار کی گئی ہے، لیکن ان تجاویز نے بھارت کے فوجی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ حکومت نے تجویز پیش کی ہے کہ یہ تقاریب ملک کے مختلف حصوں میں الگ الگ تاریخوں میں منعقد کرنے کے بجائے سال میں صرف ایک بار راشٹرپتی بھون یعنی صدارتی محل میں منعقد کی جائیں۔ اسی طرح آرمی ہیڈکوارٹرز اور دہلی میں واقع مختلف فوجی یونٹوں کو اعزاز دینے کی مختلف تقاریب کے بجائے اب صرف ایک تقریب دہلی میں منعقد کی جائے۔ کمان کی سطح پر بھی اس طرح کی تقریب سال میں صرف ایک بار منعقد کی جائے۔