دسمبر تک ملک میں اصل تبدیلی آئے گی‘ جاوید ہاشمی کی پیش گوئی

305

جہانیاں (آن لائن) بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سیاسی حالات عجیب کروٹ لے رہے ہیں ‘ دسمبر تک اصل تبدیلی آئے گی‘ گزشتہ روز کی تقریر کے بعد عمران خان مائنس زیرو پر چلے گئے ہیں‘ ٹائیگر فورس کو سیاسی قوت بنا دیا گیا ہے‘ معاشی حالات سیاسی حالات سے بھی بدتر ہو چکے ہیں‘ پیٹرول، ڈیزل، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں‘ قحط زدہ ممالک میں بھی اشیا اتنی مہنگی نہیں ہوتیں جتنی ہمارے ملک میں ہیں‘ حکومت صرف مخالفین کو دبا رہی ہے‘ کوئی ایک بھی آدمی عمران خان کی پالیسیوں کی حمایت کرنے کو تیار نہیں ہے‘ گوجرانوالہ اور کراچی کے کامیاب جلسوں سے یہ بات کھل کر ظاہر ہو چکی ہے‘حکومت دفاعی پوزیشنپر آچکی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن کو لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں‘ قائد اعظم کی توہین کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا ہے‘ کیپٹن (ر) صفدر پر قتل کی دھمکی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ‘ عمران خان سب کچھ چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش کریں گے لیکن قوم انہیں بھاگنے نہیں دے گی‘ عمران خان ایک پٹا ہوا کھلاڑی ہے وہ سیاست میں آکر پٹ چکا ہے اب ریٹائر ہو جائے گا‘ملکی میڈیا غلام بن چکا ہے ہم ہی اسے آزاد کرائیں گے ۔