لاہور ہائیکورٹ :مال روڈ کو ریڈ زون قرار دینے کیلیے کمیٹی تشکیل

200

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ کو ریڈ زون قرار دینے سے متعلق قانون سازی کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی جو قانون سازی سے متعلق ڈرافٹ تیار کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کراگی۔جسٹس جواد حسن نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔ فاضل عدالت کے حکم پر ایڈیشنل سیکرٹری ہوم اور ڈی آئی جی آپریشنز سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے ۔ جسٹس جواد حسن نے کہا کہ جس کا دل کرتا ہے مال روڈ پر دھرنا دیدیتا ہے ،اسلام آباد میں ریڈ زون میں قانون پر عمل ہوتا ہے ، پنجاب حکومت بتائے ریڈزون سے متعلق قانون کیوں نہیں بن سکا؟ ۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں اس کو رکھیں گے ۔فاضل عدالت نے حکم دیا کہ کمیٹی میں وکلا ، تاجر ،پولیس سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے ۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ مال روڈ پراحتجاج سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔ استدعا ہے کہ مال روڈ کو ریڈ زون قرار دینے سے متعلق مکمل قانون سازی کرنے کا حکم دیا جائے۔