دھابیجی، 5 روز سے پینے کے پانی کی فراہمی معطل

217

دھابیجی (نمائندہ جسارت) پبلک ہیلتھ انجینئر کی نااہلی، یوسی دھابیجی میں پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، موٹر کی خرابی کے باعث گزشتہ 5 روز سے پینے کے پانی کی فراہمی معطل۔ پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ٹھٹھہ کا نااہل انجینئر شہریوں کے لیے عذاب بن گیا۔ آئے روز واٹر سپلائی کی موٹر میں خرابی کے باعث مرمتی کام میں سست روی کے باعث شہریوں کو ہفتہ بھر پینے کے پانی سے محروم رکھا جارہا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ واٹر سپلائی کی موٹر میں خرابی پر پبلک ہیلتھ انجینئر کی جانب سے اناڑی کاریگروں سے سستے داموں مرمتی کام کروا کر سرکاری کھاتے میں بھاری بل بنائے جاتے ہیں۔ پبلک ہیلتھ انتظامیہ کی جانب سے پینے کے پانی کی مین لائن سے مبینہ طور پر مقامی فیکٹریوں، فارم ہاؤسز، پولٹری فارموں، بلاک کے تھلوں، سروس اسٹیشن سمیت دیگر اداروں کو ڈیڑھ سے دو متعدد غیرقاتونی کنکشن دیے گئے ہیں، جس کے باعث پریشر نہ ہونے کے باعث پانی گھروں میں پہنچ ہی نہیں پاتا۔ شہریوں نے حلقہ سے منتخب پیپلز پارٹی کی ایم این اے شمس النساء میمن، ایم پی اے جام اویس گہرام سمیت ڈی سی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ کے نااہل انجینئر کی جگہ اہل آفیسر مقرر کیا جائے۔