مزار قائد پر نعرے لگانے پر مقدمہ درج کرنا مضحکہ خیز ہے، اعجاز ہاشمی

337

لاہور (نمائندہ جسارت) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پی ڈی ایم کی قیادت کو کراچی اور گوجرانوالہ جلسوں کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اور اسے وفاقی حکومت کے ہاتھوں سندھ حکومت کی توہین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی جنگ لڑنے والے اور تحریک پاکستان کو جمہوری جدوجہد کے ذریعے کامیاب کرانے والے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر سیاسی نعرے بازی کو توہین قرار دینا اور اس پر مقدمہ درج کرنا مضحکہ خیز ہے۔ قائد اعظم کی پوری زندگی سیاسی جدوجہد میں گزری، ان کی روح تو ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے خوش ہوئی ہوگی۔ اگر مزار کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی بات کی جائے تو بھی نعرے بازی ناپسندیدہ عمل قرار دیا جاسکتا ہے۔ قابل دست اندازی پولیس مقدمہ اورجرم نہیں بنتا تھا، یہ صرف حکمرانوں کی بے بسی کی دلیل، میزبان صوبائی حکومت کی توہین اور اپوزیشن کی کامیاب تحریک کو غیر مؤثر کرنے کے لیے رچایا گیا ڈرامہ ہے۔ تاکہ پنجاب سے آنے والے مہمانوں کی بے توقیری کی جائے۔ جے یو پی میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ عمران خان سیاست میں تلخی لارہے ہیں، کل انہیں یہ برداشت کرنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم اور وفاقی وزراء اپوزیشن کیخلاف جس طرح کی زبان استعمال کررہے ہیں، قابل مذمت اور افسوسناک ہے، وہ سیاستدان نہیں مسخرے لگتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت سیاست کا مقابلہ سیاسی انداز سے کرے۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری جلسے کی کامیابی پر حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا باعث ہے۔