زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز سے سرفراز اور شعیب ملک آئوٹ

350

لاہور (نمائندہ خصوصی) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کے 22 رکنی ممکنہ ا سکواڈ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے 50 اوورز پر مشتمل فارمیٹ میں تجربہ کار کھلاڑیوں اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کی غرض سے ا سکواڈ کا انتخاب کیا۔ پاکستان نے گزشتہ ایک سال سے کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ ایک سال بعد کھیلی جانے والے ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔ شعیب ملک کی جگہ عبداللہ شفیق کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ سلیکٹرز نے محمد رضوان کے بیک اپ کے طور پر روحیل نذیر کو ممکنہ اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ا سکواڈ میں شامل سرفراز احمد کو 25 اکتوبر سے شروع ہونے والے قائداعظم ٹرافی میں شرکت کا کہا گیا ہے تاکہ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل وہ مکمل طور پراپنی فارم بحال کرسکیں۔اسی طرح فاسٹ بولر محمد عامر اور عثمان شنواری کی جگہ حارث رؤف ،محمد حسنین اور موسیٰ خان کو صلاحیتوں کے اظہارکا موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انجری کی وجہ سے حسن علی اور نسیم شاہ کی سلیکشن پر غور نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑیوں کو قائداعظم ٹرافی میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جاسکے۔زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے لئے اعلان کردہ 22 رکنی ممکنہ قومی ا سکواڈ میں بابراعظم ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ شاداب خان انکے نائب ہونگے۔ دیگرے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق ، عابد علی ، فخر زمان ، حیدر علی ، حارث سہیل ، افتخار احمد ، امام الحق ، خوشدل شاہ ، محمد حفیظ، محمد رضوان ،روحیل نذیر، عماد وسیم ، عثمان قادر ،ظفر گوہر،فہیم اشرف ، حارث رؤف ، محمد حسنین ، موسیٰ خان ، شاہین شاہ،ر وہاب ریاض اور صباح الحق شامل ہیں۔ممکنہ ا سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ19 ٹیسٹ 21 اکتوبر کو لیے جائیں گے۔ اس دوران5 روزہ آئسولیشن مدت کے دوران کھلاڑی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کریں گے، اسکواڈ 26 اکتوبر کو راولپنڈی روانہ ہوگا۔دریں اثنا چیئرمین زمبابوے کرکٹ تیوانگا موکلانی اورقائم مقام ایم ڈی گیومور ماکونی پیر کو پاکستان پہنچ گئے جبکہ زمبابوے ٹیم آج پاکستان پہنچے گی۔ کل سے 27 اکتوبر مہمان ٹیم قرنطینہ میں رہے گی۔جس کے بعد28 اور29 اکتوبرکو مہمان ٹیم پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کریگی ۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 30 اکتوبر ، دوسرا ون ڈے میچ یکم نومبرجبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 3 نومبرکو کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کے تینوں میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔اس کے بعد دونوں ٹیمیں 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لئے لاہور روانہ ہوں گی۔3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 7نومبر ، دوسرا 8نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 10نومبرکو کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے تینو ں میچز لاہور میں ہی شیڈول ہیں۔