ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں خاتون سمیت 9 جاں بحق

210

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں حادثات واقعات میں خاتون سمیت 9افراد جاںبحق ہوگئے ہیں‘ فائرنگ کے دیگر واقعات میں3افراد زخمی ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی نمبر10 حیدری امام بارگاہ کے قریب دکان پر رقم کے لین دین پر تلخ کلامی ہوئی جس میں دکاندار وسیم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر ڈنڈوں‘ لاٹھیوں سے نسیم کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا،نسیم کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا ،مقتول نسیم بیگ کے چار معصوم بچے ہیں اور اہلیہ شدید غم میں مبتلا ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ 381/2020 تھانہ مومن آبا میں درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیاگیا ۔سعید آباد تھانے کی حدود داؤد گوٹھ نزد باباالا سلام مسجد کے قریب واقع مکان نمبر 5986 میں لاش کی اطلاع پرپولیس موقع پر پہنچی اور معائنے کے بعدلاش کارروائی کیلیے سول اسپتال منتقل کی، ایس ایچ او عمران آفریدی کے مطابق مقتولہ کی شناخت 30 سالہ رشیدہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے جسے اس کے شوہر غلام حسین نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کی وجہ سے تیز دھار آلے کے وار سے ذبح کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرارہوگیا ۔ اسٹیل ٹاؤن میں نصیر آباد پولیس چوکی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے سڑک عبور کرنے والا 65 سالہ ظفر جاں بحق ہو گیا۔ ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کی پٹریاں عبور کرنے والی30سالہ خاتون نائل البرٹ زوجہ جمشید البرٹ جاں بحق ہوگئی ۔ لیاری ندی کے قریب ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی تاہم لاش کی شناخت تاحال نہ ہو سکی‘ متوفی کی عمر40سال بتائی جارہی ہے ۔رضویہ تھانے کی حدود نیو گولیمار تھانے کے قریب کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 35سالہ غلام نبی ولد غلام مرتضیٰ جاں بحق ہو گیا۔ سرجانی خدا کی بستی سے 25سالہ کاشف ولد شرافت کی پھندا لگی لاش ملی ۔ سچل کے علاقے سپر ہائی وے نزد جمالی پل کے قریب تیزرفتا رنامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا‘ متوفی کی عمر 27 برس کے قریب بتائی جاتی ہے۔ کھارادر تھانے کی حدود وزیر مینشن بلڈنگ کے قریب 60 سالہ شیخ محمد اکرم ولد شیخ غلام محمد کی لا ش ملی ۔پیر کے روز منگھو پیر تھانے کی حدود خیر آباد میں فائرنگ سے 48سالہ راجا طاہر ولد محمد نثار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔زخمی کو علاج کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا۔