موٹروے پولیس کی تنخواہ کی کٹوتی کامعاملہ‘متعلقہ حکام کونوٹس

215

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے ملازمین کی تنخواہ کی کٹوتی کا معاملہ، سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے وزارت مواصلات ،وزارت خزانہ، آئی جی موٹروے پولیس کو نوٹس جاری۔وزیراعظم کی منظور کردہ سمری 1997 ء کے مطابق نیشنل ہائی وے موٹروے پولیس کے ہر ملازم کو اس کی موجودہ بنیادی تنخواہ کے مطابق ایک الائونس ملنا ہے اور بیس (20) دن کا ڈیلی الائونس حالیہ ریٹ کے مطابق ملنا ہے۔ مگر نیشنل ہائی وے موٹروے پولیس کے ملازمین کے ساتھ سوتیلی اولاد کا سلوک کرتے ہوئے، وفاقی وزارت خزانہ نے جو الائونسز بنیادی تنخواہ کے مطابق ملنا ہے‘ اس کو 2010 ء میں منجمد کر دیا ہے اور بیس دن کا ڈیلی الائونس بھی منجمد کر دیا ہے۔ نہ صرف یہ کہ اس کو منجمد کر دیا بلکہ اس منجمد شدہ الائونس کو 2017 ء میں مزید آدھا بھی کردیا۔ اس کے برعکس وفاقی تحقیقاتی ادارہ( FIA) اور (NAB) کو جو وفاقی حکومت کے ماتحت ادارے ہیں انہیں طرح طرح کے الائونسز سے نوازا گیا۔ اس سے تمام ملازمین میں بے چینی ،مایوسی، بددلی پائی جا رہی ہے اور خدشہ ہے کہ ایک ایماندار محکمہ تنزلی کا شکار نہ ہو جائے۔