کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کا مقصد پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش ہے، مریم نواز

553

کراچی:پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ کراچی میں کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کا مقصد پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور ن لیگ میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش ہے، لیکن میں سب سمجھتی ہوں کہ کیا کھیل کھیلا جا رہا ہے،

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز کا کہنا تھا کہ ہوٹل میں ہمارے کمرے کے دروازے کو کسی نے زور سے پیٹنا شروع کر دیا تھا، شوہر کو کہا کہ ہمارا دروازہ کوئی کھٹکھا رہا ہے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کمرے کا دروازہ کھولا تو پولیس نے ان کو کہا کہ آپ کو گرفتار کرنے آئے ہیں۔

صفدر نے پولیس کو کہا کہ کمرے میں میری اہلیہ ہیں، آپ اندر نہ آئیں لیکن اس کے باوجود پولیس والوں نے دروازے کا لاک توڑا، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو کمرے سے ادویات اٹھانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کےمزار پر ان کے فرمودات کو دہرانا کون سا گناہ ہے؟، قائداعظم کے مزار پر نوازشریف زندہ باد یا مریم زندہ باد کے نعرے نہیں لگے، بلکہ صرف ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے گئے، مزار قائد پر ہلڑ بازی پی ٹی آئی نے کی تھی، اور ہمارا مزار قائد پر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بھی گناہ بن گیا، جانتی ہوں ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے کون ڈرتا ہے، فاطمہ جناح سے نواز شریف سب کو غدار قرار دیا گیا، سب کو معلوم ہے کہ نامعلوم افراد کون ہیں، جو خلائی مخلوق سے زمینی مخلوق بن گئے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ قریبی رشتوں کے ذریعے بلیک میل کرنے کی بجائے ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرو، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہم دھمکیوں سے مرعوب ہوجائیں گے تو یہ اس کی خام خیالی ہے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف درخواست دینے والا شخص وقاص احمد خان خود دہشت گردی کی عدالت کا مفرور ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کراچی میں صفدر کی گرفتاری کا مقصد پی پی اور ن لیگ میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش ہے، لیکن میں سب سمجھتی ہوں کہ کیا کھیل کھیلا جا رہا ہے،انہوں نےکہا کہ بلاول بھٹو نے مجھے فون کر کے کہا آپ ہماری مہمان ہیں اور میں اس واقعے پر شرمندہ ہیں، بلاول بھٹو پولیس ایکشن پر غصے میں تھے،پیپلزپارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری میرے لیے باعث صدمہ ہے، انہیں جس طرح گرفتار کیا گیا وہ سندھ کی روایات کے خلاف ہے۔