وزیراعظم کا اپوزیشن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی کا فیصلہ

362

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نواز شریف کی لندن سے واپسی کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے  پارٹی رہنماؤں کو گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے  کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت پولیٹیکل کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی تازہ سیاسی صورت حال پر مشاورت کی گئی جبکہ اپوزیشن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرپشن مقدمات کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا اور اب اپوزیشن کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی جبکہ وزیر اعظم نے نواز شریف کی وطن واپس کیلئے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے اور  اپوزیشن جماعتوں کے ریاست مخالف بیانیے پر بھی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

میڈیا کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

خیال رہے وزیراعظم نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ نواز شریف کی تقریر فوج پر حملہ اور انتشار پھیلانے کی کوشش ہے اور جو زبان نواز شریف نے آرمی چیف کیخلاف استعمال کی ہے، یہ جنرل باجوہ پر نہیں پاک فوج پر حملہ ہے۔

دوسری جانب عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف فوج میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے اور اسرائیل اور بھارت کی لابی سے مدد مانگ رہا ہےاور میرے پاس تمام معلومات ہیں لیگی قائد کیا کر رہے ہیں جبکہ نواز شریف سنو آج کے بعد میری پوری کوشش ہے کہ تمہیں وطن واپس لایا جائے اور عام آدمی والی جیل میں رکھا جائے، تم واپس آؤ اب میں تمہیں دیکھ لیتا ہوں۔