کیپٹن(ر) صفدر کی ضمانت منظور، 1لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع

211

کراچی: مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتارکیا تھا مگرکراچی کی عدالت نے ایک لاکھ مچلکے جمع کروانے پر ضمانت منظور کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا تھاجبکہ 200 نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ شہری وقاص کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقدمے میں کیپٹن صفدر کے خلاف مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی، جان سے مارنے کی دھمکی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں جبکہ مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج کروایا گیا ہے اور  انہیں گرفتار کرکے تھانہعزیز بھٹی میں رکھا گیا تھا۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے اپنے شوہر کی گرفتاری سے متعلق اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیس نے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیاہے۔

واضح رہے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی آنے والی مریم نواز جب مزار قائد پہنچیں تھیں تو اس موقع پرکیپٹن (ر) صفدر نے ووٹ کو عزت دو اور مادر ملت زندہ باد کے نعرے لگوائے تھے جبکہ گزشتہ روز تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی راجا اظہر نے مریم نواز اورکیپٹن (ر)صفدر سمیت دیگر مسلم لیگ ن کے دیگر رہنمائوں کے خلاف مزار قائد کا تقدس پامال کے الزام میں مقدمہ درج کرانے کی درخواست بریگیڈ تھانے میں دی تھی۔