نوابشاہ ،بروہی برادری کے دو گروپوں میں تصادم ،ایک قتل

70

نواب شاہ(سٹی رپورٹر)بروہی برادری کے دو گروپوں میں تصادم، کاروکاری کے الزام میں نوجوان قتل، دو افراد زخمی، ورثا کا سڑک پر لاش رکھ کر احتجاجی مظاہرہ، سخت نعرے بازی۔ تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے قریب گاؤں گلن واٹر میں کاروکاری کے الزام میں بروہی برادری کے دو گروپوں میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے 22 سالہ نوجوان صدام بروہی جاںبحق ہوگیا جبکہ دو افراد شاہ محمود بروہی اور بختیار بروہی سخت زخمی ہوگئے، جبکہ مقتول نوجوان کے ورثاء￿ نے گلن واٹر اسٹاپ پر لاش رکھ کر روڈ کو بلاک کردیا، احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مقتول نوجوان کے ورثا عطا محمد، کریم داد بروہی، مصطفیٰ بروہی اور مراد بروہی ودیگر نے کہا کہ گزشتہ روز ہماری برادری کے گلال بروہی نے ہمیں دہمکیاں دیں کہ کاروکاری کے الزام میں آپ کے نوجوانوں کو ماریں گے جس کے بعد آج 20 مسلحہ افراد کے ہمراہ ہمارے گھر پر حملہ کرکے ہمارے نوجوان کو قتل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قاتل منشیات فروش اور جرائم پیشہ افراد ہیں جنہیں بااثر کی حمایت حاصل ہے جس کے باعث پولیس انہیں گرفتار نہیں کررہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نوجوان کے قاتلوں کو گرفتار کرکے ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔