عوام سندھ دھرتی کے لیے اپنی جان بھی قربان کریں گے، ہمیر چانڈیو

205

شکارپور (نمائندہ جسارت) سندھ کے جزائر پر وفاق کی جانب سے تعمیرات کرنے کیخلاف شکارپور میں سندھ ایکشن کمیٹی کی کال پر جمانی ہال سے لکھیدر گھنٹہ گھر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا۔ احتجاج میں جسمم، جسقم، جے یوآئی، قومی عوامی تحریک، جماعت اسلامی، پی پی ش ب، سندھ یونائیٹڈ پارٹی، شکارپور بچاؤ تحریک، ایس ٹی پی، سندھی ادبی سنگت، صحافیوں، نواز لیگ سمیت مختلف تنظیموں کے رہنماؤں، کارکنوں، سیاسی، سماجی، کاروباری حضرات، وکلا اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقعے پر رہنماؤں ہمیر چانڈیو، سمیع بلالی، اسد اللہ سومرو، علی اصغر پھوڑ، عمران منگی، مولوی مشتاق سہندڑو، عبدالوہاب کاغذی، سعید سومرو، سلیمان سومرو اور دیگر نے کہاکہ وفاق سندھ کے جزائر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے جوکہ سندھ کا عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے سندھ کے عوام نے جزائر پر تعمیرات کیخلاف آواز بلند کرکے وفاق کے اس عمل کی نفی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام سندھ دھرتی کے لیے اپنی جان بھی قربان کریں گے مگر دھرتی پر قبضہ کرنے نہیں دیں گے۔ اس موقعے پر کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی۔