فیصل آباد ،جامعہ فاروقیہ انوارلبنات میں سالانہ تقریب تکمیل حفظ قرآن

167

فیصل آباد(جسارت نیوز)جامعہ فاروقیہ انوارلبنات کے سالانہ اجتماع اورتکمیل حفظ قرآن کی تقریب مولاناڈاکٹرمحمدامجدخاںکی زیرصدارت منعقد ہوئی۔قرآن پاک حفظ کرنے والے طلبہ کی دستاربندی جبکہ طالبات کی دوپٹہ پوشی کی گئی ۔تقریب میں مفتی محمد شیراز، مفتی محمد ارشد، سید شمس الحسن شاہ ، مفتی محمد مسعود ظفر، مفتی محمد عابد فرید، قاری محمد نعیم ، مفتی ڈاکٹر عبدالرزاق، پروفیسر ڈاکٹر حافظ احسن رضا، رانا غلام عباس (امیر جماعت اسلامی پیر محل) علامہ شبیر عثمانی مفتی محمد ارشداور دیگر اکابرین نے شرکت وخطاب کیا۔علماکرم نے کہاکہ قرآن کریم کا معجزہ ہے کہ حافظ کا دماغ روشن ہو جاتا ہے اور اس کے ذہن کے وہ خلیات کھل جاتے ہیں جو عام انسان میں بند ہوتے ہیں جس سے وہ دنیاوی علوم میں بھی انتہائی آسانی سے غیر معمولی مہارت حاصل کر لیتا ہے۔مولاناڈاکٹرمحمدامجدخاںنے کہا کہ قرآن پاک دنیا میں انسانو ںکیلیے راہ نجات ہے اس پر عمل کرنے میں دین و دنیا کی فلاح ہے۔ یہ صرف قرآن پاک کا ہی اعجاز ہے کسی بھی دنیاوی کتاب کو اس طریقہ سے یاد کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہاکہ دینی مدارس سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز، انجینئرزاور مختلف اہم دنیاوی شعبوں میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ ہونہار طلبہ مختلف میدانوں میں دین کی تبلیغ اور اشاعت کا عملاً بہترین ذریعہ ہیں۔اس وقت پاکستان کو محض ڈاکٹرز، انجینئرز اور مفکرین کی ضرورت نہیں بلکہ پاکستان اور عالم اسلام کو مسلم ڈاکٹرز،مسلم ماہرین اورمسلم مفکرین کی ضرورت ہے جو اسلامی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیاوی امو ر انجام دیں۔ اسلام دین فطرت ہے اس کی تعلیمات رہتی دنیا تک کیلیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام والدین کو پیغام ہے کہ ضرور اپنے بچوں کو اس عظیم نعمت سے سرفراز کریں۔ کیونکہ دنیاوی تعلیم صرف دنیا تک ہی محدود ہے لیکن یہ ایک ایسی روشنی ہے جو آخرت تک ساتھ دے گی۔