فیڈریشن آف پاکستان کے سالانہ انتخابات 30 دسمبر کو ہونگے

114

اسلام آباد (رپورٹ: میاں منیر احمد) ملک بھر کے تاجروں کی سب سے بڑی تنظیم فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سالانہ انتخابات 30 دسمبر کو ہوں گے اور امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی کے لیے آخری تاریخ8 دسمبر مقرر کی گئی ہے سالانہ انتخابات میں تاجروں کے دو بڑے گروپوں کی جانب سے امیدوار فائنل کیے جارہے ہیں بزنس مین پینل کی جانب سے شوگر انڈسٹری سے وابستہ شوکت احمد صدر کے امیدوار ہوں گے جبکہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کی جانب سے 3 امیدوار میدان میں ہیں ان میں خالد تواب‘ مظہر علی ناصر اور احمد چنائے شامل ہیں یو بی جی نے خالد تواب کو اپنا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مظہر علی ناصر اور احمد چنائے بھی میدان میں ہیں اور حتمی فیصلہ انہی تینوں میں سے کسی ایک کے حق میں ہوگا اس سال یہ مقابلہ بہت بڑا معرکہ بننے جارہا ہے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز اف کامرس اینڈ انڈسٹریز میںاس وقت بزنس مین پینل برسراقتدار ہے اور اس کی کوشش ہے کہ انتخابات سے قبل تاجر برادری کے لیے کوئی بڑا پیکج حکومت سے لے لیا جائے اور عین ممکن ہے کہ حکومت تاجروں کو ٹیکس میں رعایت دینے پر تیار ہو جائے۔ بڑے تاجروں کو یہ رعایت اس وعدے پر دی جائے گی کہ وہ اپنے کاروبار کو دستاویزی بنائیں گے جبکہ اس اقدام سے قانون کا نفاذ کرنے میں اعلیٰ حکام کی کمزوری ظاہر ہوتی ہے حکومت اور تاجروں کے درمیان ہونیوالے مذاکرات میں اتفاق رائے ہوسکتا ہے کہ حکومت پہلے دستیاب موقع پر انکم ٹیکس آرڈیننس میں ترامیم کے ذریعے ٹیکس کی شرح میں کمی لائے گی۔ یہ موقع منی بجٹ کی شکل میں آسکتا ہے، بصورت دیگر بجٹ کے موقع پر ٹیکس کی شرح گھٹائی جائے گی۔ ایف بی آر کے حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ریٹیل چین اسٹورز اور ایف بی آر کے درمیان یہ معاہدہ رواں ہفتے طے پایا ہے۔ایف بی آر کے رکن آپریشنز محمد اشفاق اس سلسلے میں متحرک رہے ہیں گزشتہ 7 ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب بڑے ریٹیل چین اسٹورز اور ایف بی آر کے درمیان مفاہمت ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں ہونیوالے معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا تھا۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر ریٹیل سیلز کو دستاویزی بنانے کی شرط پر آڈٹ کنڈیشن اور انکم ٹیکس کی شرح میں نرمی پر راضی ہوا ہے۔ ایف بی آر نے بڑے چین اسٹورز سے یہ معاہدہ پوائنٹ آف سیلز (پی او ایس) کی انسٹالیشن کے لیے کیا ہے۔ یہ فروخت کو دستاویزی بنانے کا ریئل ٹائم نظام ہے۔ بڑے اسٹورز کو یہ نظام دسمبر 2019تک انسٹال کرلینا تھا مگر اب اس کی ڈیڈ لائن نومبر کے اختتام تک بڑھا دی گئی ہے۔