امریکی مخالفت رائیگاں: ایران پر اسلحہ خریدنے کی طویل پابندی کا خاتمہ

467

تہران(صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی مخالفت رائیگاں، ایران پر اسلحہ خریدنے کی طویل پابندی کا خاتمہ ہوگیا،ایران نے اسلحے کی خریدو فروخت سے متعلق اقوام متحدہ کی طویل پابندی کے اختتام کو امریکا کے مقابلے میں سیاسی کامیابی قرار دے دیا،ایران کا کہنا ہے کہ وہ اسلحہ خریدنے اور بیچنے کے لیے تیار ہے، اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب کہتے ہیں کہ امریکا ڈیل سے یکطرفہ الگ ہو کر تنہا رہ گیا۔خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق یہ پابندی ایران اور 6 عالمی طاقتوں کے مابین 2015ء میں ہونے والے جوہری معاہدے کے تحت 18 اکتوبر 2020 (آج) ختم ہوگئی۔نئی پیش رفت سے متعلق ایران نے کہا کہ اب وہ اپنے ملک کی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے روایتی ہتھیاروں کی خرید و فروخت میں ایک مرتبہ پھر آزاد ہے۔ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ آج ایران میں اسلحہ کی منتقلی، متعلقہ سرگرمیوں اور مالی خدمات پر عاید پابندیاں خود بخود ختم ہوگئیں۔ وزارت خارجہ نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کسی بھی قانونی پابندی کے بغیر کسی سے بھی ضروری ہتھیار اور سامان حاصل کرسکتا ہے جو اس کی دفاعی ضروریات کو پورا کرے۔خیال رہے کہ امریکا نے ایران پر پابندی بڑھانے پر زور دیا تھا اور اگست میں واشنگٹن کو اس وقت دھچکا لگا جب وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے اسلحہ کی پابندی کو غیر معینہ مدت تک بڑھانے میں ناکام رہا۔دوسری جانب امریکا کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے ایک جاری بیان میں خبردار کیا کہ امریکا ذاتی طور پر کسی ایسے فرد یا ریاست کے خلاف پابندی لگائے گا جو ایران کے ساتھ روایتی اسلحہ کی فراہمی، فروخت اور منتقلی میں تعاون کرے گا۔