بدقسمتی سے نظریات کی جگہ مفادات نے لے لی، طاہر القادری

130

لاہور (آن لائن) تحریک منہاج القرآن کیبانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ منہاج القرآن ایک نظریاتی تحریک ہے، بدقسمتی سے آج نظریات کی جگہ مفادات نے لے لی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے 40 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظریاتی تحریکوں کو ہر دور میں سخت مزاحمت اور سنگین نتائج کا سامنا رہا ہے، اسلام کے احیاء کے نام پر قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا گیا تو منہاج القرآن نے اعتدال، توازن اور رواداری کی اسلامی تعلیمات کو عام کیا، دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کی ہر اندرونی و بیرونی سازش کا علم اور دلیل کی بنیاد پر مؤثر جواب دیا اور دینی امور کے اظہار میں جذبات کی بجائے تحقیق کا راستہ اختیار کیا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر صاحب کی علمی کاوشوں پر فخر ہے، منہاج القرآن کے 40 ویں یوم تاسیس پر اس کے سرپرست اور جملہ کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان شاء اللہ ڈاکٹر صاحب سے مل کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی، فلاحی، جمہوری مملکت بنائیں گے۔