ملک میں مہنگائی ،بیروز گاری اور بدامنی کے ڈیرے ہیں،میاں اسلم

164

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا کہ جب تک دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت نہیں آتی عوام کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے رہیں گے ۔عوام مہنگائی بے روز گاری اور بدامنی سے نجات چاہتے ہیں تو انہیں کرپٹ اور بدیانت لوگوں کی بجائے دیانتدار لوگوں کو منتخب کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ،بے روز گاری اور بدامنی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔غریب فاقہ کشی پر مجبور ہے، عام آدمی بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہے، مجرم دندناتے پھرتے ہیں اور مظلوم انصاف کے لیے دھکے کھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل سات پنڈ بیگوال کے دورے کے موقع پر معززین علاقہ سے ملاقات کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر جمعیت اتحادالعلما پنجاب کے صدر مولانا امیر عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔میاں محمد اسلم نے کہا کہ چہروں کی تبدیلی میں قوم کے 73سال ضائع ہوگئے۔ اب عوام کو نظام کی تبدیلی کے لیے اٹھنا ہوگا۔ ظلم وجبر اور استحصالی نظام سے نجات حاصل کیے بغیر مثبت تبدیلی نہیں آئے گی، حکومت 2سال میں ہی اپنی مقبولیت کھو چکی ہے ۔مہنگائی بے روز گاری اور بدامنی عروج پر ہے ۔لوگ آٹے اور چینی کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں تو انہیں دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غریب کے بچے کو تعلیم اور علاج کی سہولت نہیں جبکہ حکمرانوں سے ان کی دولت کے بارے میں کوئی نہیں پوچھ رہا کہ یہ کہاں سے آئی۔