وزیراعظم نے جلتی پر تیل ڈالنا بند نہ کیا تو حکومت مخالف تحریک زور پکڑے گی‘لیاقت بلوچ

93

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان نے جلتی پر تیل ڈالنے کا سلسلہ بند نہ کیا اور اپنی نااہل اور ناکام حکومت کی اصلاح نہ کی تو حکومت مخالف تحریک ہر محاذ پر زور پکڑتی جائے گی‘ اس کی منزل مائنس ون بن جائے گی‘ کشیدگی، بندگلی اور پوائنٹ آف نو ریٹرن کا ماحول خود وزیراعظم نے بنا دیا ہے‘ حکومتی ٹیم نااہل اور بھان متی کا کنبہ اپنے مفادات کا غلام ہے‘اسی وجہ سے آئینی، سیاسی اور پارلیمانی بحران بدترین شکل اختیار کر گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مالاکنڈ میں سابق ایم پی اے اور مرکزی رہنما جماعت اسلامی سید بختیار معانی کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں شرکت اور اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن خلیل سے ملاقات پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں حقوق غصب کرنے اور نو آبادتی نظام کو پروان چڑھانے سے یہ خطہ آگ کی لپیٹ میں آجائے گا‘ مقبوضہ کشمیر کے عوام 70 سال سے قابض فوج کی دہشت گردی، قتل و غارت اور خوف کے ماحول میں رہ رہے ہیں‘ کشمیریوں کے لیے اذیت ناک کیفیت ناقابل تصور ہے‘ عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر اسی وقت متحرک ہو گی‘ جب پاکستان سیاسی، سفارتی، اقتصادی اور خارجہ محاذ پر مسئلہ کشمیر کے لیے متفقہ قومی ایکشن پلان بنائے گا‘ المیہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے لیے مسئلہ کشمیر کوئی اہمیت نہیں رکھتا‘ بھارت نے آئین سے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر کے ثابت کردیا کہ بھارت اول روز سے دنیا سے فراڈ کر رہا تھا‘ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپوزیشن کی ملک گیر فعال پارٹی ہے ‘ ہمیں اپوزیشن کے قومی اور جمہوری موقف سے کوئی اختلاف نہیں‘ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے اور عام انتخابات میں عوام کے حق پر ڈاکا زنی روکنے کے لیے غیر جانبدارانہ وشفاف انتخابات کی تحریک چلائے گی۔