جماعت اسلامی سندھ سیرت النبیؐ کے500 سے زاید جلسے کریگی

170

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے ربیع الاول کے مہینے میں کراچی تا کشمور سندھ بھر میں سیرت النبیؐ کے 500 سے زاید جلسے منعقد کیے جائیںگے ‘سیرت النبیؐ کانفرنسوں سے ممتاز دینی اسکالر پروفیسر عرفان احمد، صوبائی امیر محمد حسین محنتی، ممتاز حسین سہتو، حافظ نصراللہ عزیز، پروفیسر حافظ محمد سعید، زین العابدین لغاری، مولانا عبدالقدوس احمدانی و دیگر علما کرام سیرت النبیؐ کے مختلف گوشوں پر اظہار خیال کریں گے۔ صوبائی اعلامیے کے مطابق جماعت اسلامی کے شعبہ فہم دین کے زیر اہتمام سندھ بھر میں سیرت النبیؐ کے جلسوں، کانفرنسوں کے انعقاد کا مقصد آج کی بھٹکی ہوئی انسانیت کو اپنا بھولا ہوا سبق یاد دلانا اور سیرت النبیؐ کے پیغام و دعوت کو عام کرنا ہے۔ دریں اثنا جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ قرآن و سنت کا نفاذ ہی مہنگائی، بیروزگاری سمیت موجودہ مسائل کا حل ہے‘جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے‘ ایک سچے اور پکے عاشق رسول کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی زندگی کے ہر دائرے میں سنت رسولؐ کی پیروی کرے‘ اسی میں ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے۔ صوبائی امیر نے تمام ذمے داران و برادر تنظیمات کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ ربیع الاول کے مبارک مہینے میں بڑے پیمانے پر سیرت النبیؐ کے پروگرامات کا انعقاد کر کے پیغام مصطفیٰؐ کو عام کریں۔