زمبابوے کیخلاف قومی اسکواڈ کا اعلان آج ہوگا

76

لاہور(جسارت نیوز)زمبابوے کے خلاف سیریز کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان آج کیے جانے کا امکان ہے ۔سابق چیف سلیکٹر مصباح الحق نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد اسکواڈ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں، امکان ہے کہ پی سی بی پریس ریلیز کے ذریعے ٹیم کا اعلان کرے گا۔ذرائع کے مطابق ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے22سے 23کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جا سکتا ہے، سیریز سے قبل انٹرا سکواڈ ون ڈے میچز بھی پلان کیے جا رہے ہیں۔سیریز میں سابق کپتان شعیب ملک کو آرام دینے پر اتفاق کیا گیاہے ، آل رائونڈر فہیم اشرف کی شمولیت کے علاوہ عبد اللہ شفیق اور خوشدل شاہ کی بھی ٹیم میں شمولیت یقینی دکھائی دے رہی ہے ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ نسیم شاہ کو فٹنس مسائل کے باعث آرام دیا جا رہا ہے، ان کی جگہ موسی خان کو اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ تجربہ اور فارم کی بنیاد پر وہاب ریاض ٹیم میں برقرار رہ سکتے ہیں ۔ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور روحیل نذیر کا نام زیر غور ہے، جبکہ سرفراز احمد کا جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔ سیریز میں بابر اعظم پہلی مرتبہ ون ڈے کرکٹ میں بھی قیادت کریں گے ۔