وزیراعظم مہنگائی ختم کریں، پروڈکشن آرڈر جاری کرنا ان کا کام نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

185

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم مہنگائی ختم کریں‘ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا ان کا کام نہیں۔گزشتہ روزباغ جناح میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بے حس حکومت ہے اور اس بے حس حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کیاہے،عوام پس کر رہ گئے ہیں، مہنگائی کیخلاف احتجاج ہوگا۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کراچی میں کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا گیا ہے،ہم نے کورونا کی وجہ سے کرسیوں کو ذرا فاصلے پر رکھالیکن اس بڑے اجتماع میں کوتاہیوں پر پہلے ہی معذرت کرتا ہوں،جو عوام کے جذبات اس موجودہ حکومت کی نااہلی کے حوالے سے ہیں اس کو میڈیا بہتر انداز میں پیش کرے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اتنا بے حس کوئی وزیر اعظم ہو نہیں سکتا،2 سال سے ایک نقلی شخص وزرات عظمیٰ پر فائز ہے ،جو کہتا ہے گھبرانا نہیں ہے وہ اصل میں بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے عدلیہ پر الزام عاید کردیا کہ تیزی سے کام کراؤں گا،بھئی تمہارا کام ہی پروڈکشن آرڈر کا نہیں ہے،مہنگائی سے عوام کو نجات دلاؤ اور اسپیکر اسمبلی کو اپنا کام کرنے دو۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو پورا حق ہے کہ وہ اپنی زمین یا جزائر پر جائیں،جزائر سے متعلق وفاقی حکومت کے تمام اقدامات غیر آئینی ہیں۔