ای او بی آئی پنشن کا قومی ادارہ (قسط 6)

237

ضعیف العمر ملازمین فوائد منصوبہ (Employees Old-Age Benefits Scheme)ملک کے نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے محنت کشوں اور ان کے پسماندگان کی فلاح و بہبود کے لیے ایک ایسا جامع اور مفید پنشن منصوبہ ہے۔ جس میں ہر پہلو سے ناصرف بیمہ دار ملازمین بلکہ ا ن کی وفات کی صورت میںان کے پسماندگان کے لیے بھی مقررہ شرائط و ضابط کے مطابق تاحیات پنشن کے لامحدود فوائد مہیا کئے گئے ہیں۔ جس کی بدولت نا صرف بیمہ دار شخص بلکہ اس کی وفات کے بعد اس کی/کا شریک حیات اور پھر نابالغ بچے بھی پنشن فوائد سے پوری طرح فیضیاب ہوسکتے ہیں۔
ای او بی آئی پنشن منصوبہ کے تحت بیمہ دار افراد اور ان کے لواحقین کے لیے درج ذیل فوائد مہیا کئے جاتے ہیں۔
-1 ضعیف العمر پنشن:(Old-Age Pension) مرد بیمہ دار ملازمین کے لیے پنشن کی اہلیت کے لیے مقررہ عمر60 برس (جبکہ خواتین اور شعبہ کان کنی سے وابستہ بیمہ دار ملازمین کے لیے پنشن کی عمر55برس) اور15برس کی بیمہ شدہ ملازمت مع ادا شدہ کنٹری بیوشن ہے ۔ بیمہ دار افراد کو مقررہ شرائط و ضوابط کے مطابق تاحیات کم از کم پنشن یا فارمولہ پنشن ادا کی جاتی ہے۔واضح رہے کہ پنشن کے لیے 60برس کی عمر کے بعدکسی معقول سبب یا تاخیر سے درخواست دینے کی صورت میں پنشن دعویٰ جمع کرانے کی تاریخ سے پنشن کی منظوری تک صرف 6ماہ عرصہ کے پنشن بقایاجات ادا کئے جاتے ہیں۔
(i) تخفیفی پنشن:(Reduce Pension) یہ پنشن ایسے بیمہ دار افراد کو ادا کی جاتی ہے جن کے اداروں میں ملازمین کی ریٹائرمنٹ پالیسی 60 برس( خواتین اور شعبہ کان کنی سے وابستہ بیمہ دار افراد کے لیے55برس) سے کم مقرر ہو اور ان اداروں نے اس بابت ای او بی آئی سے اجازت بھی حاصل کر رکھی ہو ، لہذا ایسے بیمہ دار افراد کو 60برس سے قبل پنشن کی ادائیگی کی صورت میں ان کی پنشن سے 6فیصد سالانہ کٹوتی کی شرح سے تاحیات تخفیفی پنشن ادا کی جاتی ہے۔
-2 عطیہ ضعیف العمری:(Old-Age Grant) اگرکسی بیمہ دار شخص کی بیمہ شدہ ملازمت کم از کم2برس اور پنشن کی اہلیت کے لیے مقرر ہ مدت یعنی 15برس سے کم ہو اوران کی عمر 60 برس (خواتین اور شعبہ کان کنی سے وابستہ بیمہ دار افراد کے لیے 55 برس) ہو تو اس صورت میںان کی بیمہ شدہ ملازمت کی مدت کے مطابق کم از کم اجرتx ملازمت کے کل برس کے حساب سے عطیہ ضعیف العمری ادا کیا جاتا ہے۔
٭ کسی بیمہ دار ملازم کی وفات اور اس کے غیر شادی شدہ ہونے کی صورت میں اس کے والدین کو اور شادی شدہ ہونے کی صورت میں اس کے پسماندگان کو بھی یکمشت عطیہ ضعیف العمری اد کیا جاتا ہے ۔
-3 معذوری پنشن(Invalidy Pension) :اگر کوئی بیمہ شدہ شخص 15برس کی بیمہ شدہ ملازمت کا حامل اور اس کی عمر60برس سے کم( خواتین اور شعبہ کان کنی سے وابستہ بیمہ دار افراد کے لیے55برس) ہو اوراگرکسی پیشہ ورانہ بیماری (Occupatinal Disease) کے باعث اس کے کمانے کی صلاحیت 33 فیصد سے کم اور معذوری 67 فیصد سے زائد ہو تو ایسے بیمہ دار فرد کو مقررہ شرائط و ضوابط کے مطابق60برس کی عمر تک معذوری پنشن ادا کی جاتی رہے گی ۔
(i) اگر کسی بیمہ دار فرد کی عمر60برس سے کم اوراس کی بیمہ شدہ ملازمت کا عرصہ5برس ہو اور دوران ملازمت اسے کسی سنگین بیماری کے باعث جسمانی معذوری لاحق ہوجائے اور اس سبب اس کے کمانے کی صلاحیت33فیصد سے کم اور
معذوری67فیصد یا زائد ہو تو ایسے بیمہ دار فرد کو 60برس کی عمر تک معذوری پنشن ادا کی جاتی رہے گی ۔معذوری پنشن کے حامل افراد کے 60برس کی عمر کو پہنچنے کے بعد معذوری پنشن تاحیات ضعیف العمر پنشن میں تبدیل ہوجاتی ہے ۔واضح رہے کہ بیمہ دار فرد کی معذوری کا حتمی تعین ای او بی آئی کا مجاز میڈیکل افسربیمہ دار فرد کے طبی معائنہ کے بعد طے کرے گا۔ای او بی آئی کا مجاز میڈیکل افسر معذور پنشن یافتہ کا ہر چھ ماہ بعد طبی معائنہ کرتا ہے۔ اگر ہر چھ ماہ بعد طبی معائنہ کی صورت میں معذورپنشن یافتہ کی معذور ی مسلسل عرصہ 5برس تک برقرار رہے تو ایسے بیمہ دار فرد کو بھی60برس کی عمر تک معذوری پنشن ادا کی جاتی ہے۔
(جاری ہے)