نااہل حکومت نے ملک میں مذہبی انتشار پیدا کیا‘ساجد میر

84

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ حکومت کی نا اہلی نے ملک میں مذہبی انتشار پیدا کیا، ڈاکٹر عادل نے عظمت صحابہ ؓکی تحریک کو اپنے خون سے سینچا ہے۔ وہ گزشتہ روز جامعہ فاروقیہ میں ڈاکٹر عادل خان کے صاحبزادے مفتی انس خان، بھائی مولانا عبید الرحمن اور جامعہ فاروقیہ کے اساتذہ سے تعزیت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح حکومت خارجہ اور داخلہ محاذوں پر ناکام ہے وہیں مذہبی معاملات میں بھی بد ترین نا اہلی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کی مذہبی قیادت نے ذمے داری اور احتیاط کا مظاہرہ نہ کیا ہوتا تو ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑک چکی ہوتی۔ اب تک نہ ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا جا سکا اور نہ مقدس شخصیات کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تغافل مذہبی انتشار میں شدت کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا عادل خان کی شہادت کو قبول فرمائے اور انہیں بہترین اجر عطا فرمائے۔