پی ڈی ایم صرف شو کر رہی ہے، ان میں پاور نہیں: شبلی فراز

157

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے پی ڈی ایم کے آج کراچی میں ہونے والے جلسے کو ‘صرف شو’ قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) صرف شو کر رہی ہے جس میں پاور نہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کی نہ کوئی سمت ہے، نہ کوئی پلان ہے اور نہ ہی ان کے نظریات اور مؤقف ایک ہیں۔ ان کے پاس صرف ذاتی دکھ ہیں، عوام کے لیے کچھ نہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ اس مرتبہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے تقریر کرا لیں۔ خالی کرسیوں سے تقریر کرانا ان کا مذاق اڑانا ہے۔

مراد علی شاہ کا شبلی فراز کو ‘چیلنج’

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اطلاعات شبلی فراز کو آج ہونے والے جلسے میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ شبلی فراز کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ کل کراچی آجائیں اور پی ڈی ایم کا جلسہ دیکھیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شبلی فراز کو گجرانوالہ جلسے سے اتنی پریشانی کیوں تھی۔ اگر جلسہ ناکام تھا تو وہ سکون سے جاکر گھر بیٹھ جاتے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جلسے میں سندھ بھر سے عوام شامل ہوں گے۔ حکومت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی۔ عمران خان کو اب گھر جانا ہی ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ ہے۔ مافیا کی حکمرانی مزید برداشت نہیں کریں گے۔