اپوزیشن کا دوسرا پاور شو آج کراچی میں ہوگا، تیاریاں مکمل

464

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تحت حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں دوسرا جلسہ آج اتوارکو باغ جناح نمائش چورنگی پر منعقد ہوگا، جلسے کی میزبانی پاکستان پیپلزپارٹی کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جلسہ گاہ کے 5 مرکزی دروازے ہیں جس میں 3 مردوں اور ایک خواتین، اور ایک دروازہ مرکزی قائدین کی آمدورفت کے لیے مختص ہے، جلسہ گاہ میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے پرچم آویزاں کیے گئے ہیں اور کارکنان کے لیے پنڈال میں 50 ہزار کرسیاں بھی لگادی گئی ہیں.

پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل وقار مہدی کے مطابق جلسے سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت مولانا فضل الرحمن ، بلاول زرداری، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مولانا شاہ اویس نورانی، علامہ ساجد میر، ڈاکٹر عبدالمالک، افتخارحسین، امیر حیدر خان ہوتی، ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی ودیگر رہنما خطاب کریں گے،جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں.

ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے سے سابق وزیراعظم نوازشریف کا وڈیولنک خطاب بھی متوقع ہے۔

 سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم عوام کا مقدمہ سڑکوں پرلڑے گی جبکہ وزیراعظم اپنی تشہیر پر عوام کا پیسہ لٹا رہے ہیں

دوسری جانب سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی پہنچ چکے ہیں جبکہ نائب صدرمسلم لیگ ن مریم نواز آج دوپہر کو لاہور سے کراچی پہنچيں گی، مریم نواز مزار قائد پر حاضری کے بعد جلسہ گاہ آئیں گی.