نواز شریف سزا یافتہ مجرم، سوالات پوچھنے والے ہوتے کون ہیں؟، اسدعمر

499

کراچی:وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات اسد عمر نے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئےکہاہے کہ آپ سزا یافتہ مجرم ہیں،آپ سوالات پوچھنے والے ہوتے کون ہیں؟، آپ اپنے ایلچی ملاقاتوں کے لیے بھیجتے ہیں، جب ہر جگہ سے ناکامی ہوئی تو تب آپ کو جمہوریت یاد آگئی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےوفاقی وزیر اسد عمر  نے 11 جماعتی اتحاد کو کراچی میں خو ش آمدید کہتے ہیں جب انہیں موقع ملا تو انہوں نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا،جلسہ کرنے کیلئے یہاں آئے ہیں پتہ نہیں ثابت کیا کریں گے۔ انہوں نے نوازشریف کو شدید ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ نوازشریف بھاگ کر لندن میں بیٹھ گئے ہیں، میاں صاحب!آپ کے بھائی اور پارٹی کے لوگ این آراو مانگتے ہیں،آپ اپنا ایلچی ملاقاتوں کے لیے کیوں بھیجتے ہیں،جب آپ کو ہر جگہ سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑاتو جمہوریت یاد آگئی۔

 انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی تقاریر سول بالادستی اور جمہوریت اپنی کرپشن بچانے کے لیے ہے،ان کا بیانیہ اب کہیں بکنے والا نہیں،نواز شریف کی ساری سیاست منافقت پر مبنی ہے،ان کا تحریک کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں،اسی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے آپ کے ہی ممبران نے ووٹ دیا تھا۔

انہوں نےکہا کہ نوازشریف کا مسئلہ کسی فرد کے ساتھ نہیں،اداروں کے ساتھ ہے،جو ان کی اطاعت نہیں کرتے،قوم کے اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش نہ کریں،آپ نے کسی کو نہیں چھوڑا جنرل بیگ،جنرل آصف نواز جنجوعہ سے لڑائی آپ کی،جنرل وحید کاکڑ پر تنقید آپ نے کی،جنرل جہانگیر کرامت سےآپ نے استعفیٰ لیا،جنرل پرویز مشرف سےبھی استعفیٰ لینے کی کوشش کی، جنرل قمر جاوید باجوہ،جنرل ظہیر الاسلام اورجنرل فیض حمید پر بھی آپ نے اعتراض کیا۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ سزا یافتہ مجرم ہیں، آپ سوالات پوچھنے والے کون ہوتے ہیں؟،اب آپ کے سوال کرنے کا وقت گزر گیا ہے، اب آپ کو جواب دینا ہوگا، بتائیں! یوسف رضا گیلانی کے خلاف کالا کوٹ پہن کر کون عدالت گیا؟،میاں صاحب اگر اتنے دلیر ہیں تو آپ کے منہ سے کلبھوشن کا نام کیوں نہیں نکلتا؟ہم سیاست دانوں کوغداری کے سرٹیفکیٹ دینے پریقین نہیں رکھتے ہیں، اس کا فیصلہ عوام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جو نانی کی بات کی کیا یہ غلط بات ہے ، نانی ایک بڑا معتبر رشتہ ہے آپ نے اس پر طوفان کھڑا کیوں کیاہواہے ،بلاول نے جلسے کے اندر وزیر اعظم کی بیوی کے بارے میں جو بات کی وہ آپ کو نظر نہیں آتی۔